میرے 4 بیٹے اور ایک بیٹی تاحال عبدالرحمن کھیتران کی نجی جیل میں قید ہیں، خان محمد مری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بارکھان میں بااثر شخصیت صوبائی وزیر مواصلات بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران کے مظالم کے شکار خان محمد مری نے کہا ہے کہ اب بھی میرے چار بیٹے اور ایک بیٹی کھیتران کی نجی جیل میں قید ہیں۔ گزشتہ روز بارکھان میں کنویں سے ملنے والی لاشوں جن میں ایک خاتون اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں کے حوالے سے مذکورہ خاندان کے سربراہ خان محمد مری نے بتایا کہ لاشیں میری اہلیہ اور دو بیٹوں کی ہے جنہیں صوبائی وزیر کی نجی جیل میں تشدد کرکے ہلاک کیا گیا۔ خان محمد مری جو کہ جان کے خوف سے روپوش ہے کے مطابق کنویں سے ملنے والی لاشیں اس کی بیوی اور بیٹوں کی ہیں، اب بھی اس کے 4 بیٹے اور ایک بیٹی عبدالرحمان کھیتران کی قید میں ہیں۔ خان محمد مری نے مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر کے مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے مجھے انصاف فراہم اور نجی جیل میں قید میرے بچوں کو رہائی دلا کر مذکورہ بااثر شخصیت کیخلاف کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ 2019ءسے خان محمد مری کا خاندان سردار عبدالرحمن کھیتران کی نجی جیلوں میں قید تھا۔ متعدد بار میڈیا پر نشاندہی کے باوجود ریاست نے خان محمد کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی۔


