یورپین کمیشن نے اپنے عملے کو ٹک ٹاک استعمال کرنے پر پابندی لگا دی

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ) یورپین کمیشن نے اپنے عملے کے لیے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یورپی یونین کے اعلیٰ ترین ادارے کی جانب سے عملے کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ڈیوائسز سے ٹک ٹاک ایپ کو ڈیلیٹ کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیشن کی جانب سے عملے میں شامل افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آفیشل اور نجی ڈیوائسز سے ٹک ٹاک کو ڈیلیٹ کر دیں۔ اس مقصد کے لیے ملازمین کو 15 مارچ تک کی مہلت دی گئی ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اس اقدام کا مقصد ادارے کے ڈیٹا کو تحفظ فراہم کرنا اور سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔ یورپین کمیشن کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب کچھ عرصے قبل امریکا میں سرکاری ڈیوائسز پر ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یورپی یونین میں شامل 27 ممالک میں سے کسی نے بھی ٹک ٹاک پر پہلے کوئی پابندی عائد نہیں کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں