اسرائیلی فوجی دستوں کا نابلس پر حملہ، 11 فلسطینی جاں بحق، درجنوں زخمی
بیت المقدس :مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کے ظالمانہ حملے کے دوران 72سالہ عمر رسیدہ شخص سمیت کم از کم 11 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے درجنوں بکتر بند گاڑیوں اور خصوصی دستوں کے ساتھ نابلس پر حملہ کیا اور نہتے فلسطینیوں کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 فلسطینی جاں بحق جبکہ 102 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 7 کی حالت تشویشناک ہے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 72 سالہ عدنان صابے برا، 61 سالہ عبدالہادی اشقر اور ایک 16سالہ لڑکا محمد شعبان بھی حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوا جبکہ آنسوگیس سے متاثرہ ایک اور 66 سالہ معمر شخص عنان شوکت ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نابلس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم اپنے لوگوں کے خلاف مسلسل حملوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے اسرائیل کو خطرناک صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے،دوسری جانب امریکا نے مغربی کنارے میں تشدد کے ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام دونوں فریقوں اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی براہ راست رابطے میں ہیں اور اسرائیلی اور فلسطینی حکام کو کشیدگی کم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں،امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی متنازعہ توسیع امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے جو دو ریاستی حل کو کمزور کرتی ہے۔


