بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کا تفتان کوئٹہ شاہراہ بند کرنیکا اعلان
نوشکی : زمیندار ایکشن کمیٹی نے آج 2 مارچ کو کیسکو کے جانب سے بجلی بندش کے خلاف تفتان کوئٹہ شاہراہ کو نوشکی کے مقام پر مکمل بلاک و پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا ۔زمیندار ایکشن کمیٹی نوشکی کا ہنگامی اجلاس ضلعی صدر میر محمد اعظم ماندائی کے صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں زمینداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس سے زمیندار ایکشن کمیٹی کے ضلعی صدر میر محمد اعظم ماندائی، جنرل سیکرٹری حاجی شاہ زمان خان جمالدینی،مولوی عبدالصمد مینگل ،حاجی نور احمد بلوچ،ملک عثمان جمالدینی،کے ڈی بلوچ،شیر احمد گورگیج،میر عارف بادینی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کیسکو زمیندار ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے کی مکمل خلاف ورزی کرکے زرعی دیہی فیڈروں کی بجلی بند کرکے ظلم و زیادتی کررہی ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ،کیسکو ایک جانب معاہدے کررہی ہے تو دوسری جانب بجلی بند کررہی ہے نوشکی کے زمینداروں نے ہمیشہ بجلی بل اور واجبات وقت پر ادائیگی کررہی ہے،آج بھی نوشکی کے زمیندار پورے بلوچستان میں سب سے زیادہ بجلی بل اور واجبات ادا کررہے ہیں انہوں نے وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انکی نااہلی اور اقرباءپروری سے ضلع نوشکی کی بجلی بار بار بند کی جارہی ہے اگر وفاقی وزیر نااہل اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوں، مگر کیسکو بار بار نوشکی کے زمینداروں کے بجلی بند کررہی ہے جس سے زمینداروں کے فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور زمیندار کو کروڑوں کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے زمیندار ایکشن کمیٹی کے مرکزی اپیل پر کل بجلی بندش کے خلاف آج 2 مارچ کو کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ کو نوشکی اسٹیشن کے مقام پر بلاک کرنے کا اعلان کیا ،ٹرانسپورٹروں اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ آج قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں اور بھرپور تعاون کریں تاکہ زمینداروں کا احتجاج کامیاب ہو۔


