سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی پوسٹ اور کمنٹس کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی، شانیہ خان
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوآرڈینٹر اور کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن کی رکن شانیہ خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی پوسٹ ، کمنٹس اور گالی گلوچ کے ادارک کے لئے کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن نے ضابطہ اخلاق پر مشتمل مسودہ تیار کرکے پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیا ہے جو مزید کارروائی کے لئے بلوچستان قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا سے متعلق ضابطہ اخلاق کی تشکیل کے لئے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب اور خواتین کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا شانیہ خان نے کہا کہ بلوچستان میں کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن فعال ہوچکا ہے اور ہر فورم پر خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل ہے گزشتہ روز نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار صوبائی چیئر پرسن فوزیہ شاہین اور دیگر اراکین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے باہمی مشاورت سے سوشل میڈیا کے کوڈ آف کنڈیکٹ کے مسودہ کو حتمی شکل دے کر پارلیمانی سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیا ہے اور امید ہے کہ بلوچستان کا ایوان اتفاق رائے سے اس کی توثیق کردے گا انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پنجاب ، سندھ اور کے پی کے صوبائی کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن نے اس متعلق مسودہ جات تشکیل دے دئیے ہیں اور اب الحمدللہ بلوچستان میں بھی یہ عمل زیر کارروائی ہے اس ضابطہ اخلاق کے عملی نفاذ کے بعد سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی مخرب الاخلاق ایکٹیویٹی قابل تعزیر اور قابل گرفت ہوگی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو سیاسی معاشی و سماجی شعبوں میں ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کو موثر بنانے کے لئے کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن فعال کردار ادا کرتا رہے گا ۔


