سلیکٹڈ وزیر زراعت پنجگور میں سرکاری ملازمین اور مشینری کو استعمال کررہے ہیں، نیشنل پارٹی پنجگور
پنجگور (آن لائن) نیشنل پارٹی پنجگور کے ضلعی ترجمان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ نقلی قومی رھشون سلیکٹڈ صوبائی وزیر زراعت اسداللہ اپنی کمزوری اور زوال کو آنکھوں سے دیکھ کر اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو چھپانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پنجگور کو ناجائز استعمال کرتے ہوئے چھوٹے ملازمین کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کر رکھی ہےں، سرکاری ملازمین کو پارٹی میں شمولیت اور ناجائز ساتھ نہ دینے کے بدلے ٹرانسفر، نوکریوں سے برطرف اور ضلع بدر جیسی بھونڈی حرکت کررہے ہیں اور ملازمین کو بلاجواز معطل بھی کیا جارہا ہے، جو ایک شکست خوردہ سیاسی یتیم کی ہمیشہ وتیرہ رہا ہے۔ نیشنل پارٹی نے پنجگور کے ضلعی انتظامیہ جو انکا کچن چلانے والی انتظامیہ ہے فوری طور پر اپنی انتقامی کارروائیاں بند کریں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ضلعی انتظامیہ وزیر موصوف کے کہنے پر انتقامی کارروائیاں مزید جاری رکھے گی تو نیشنل پارٹی عوامی قوت کے ساتھ مل کر بھرپور انداز میں انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کرے گی۔ نیشنل پارٹی نے کہا کہ سلیکٹڈ صوبائی وزیر سیاسی شکست اور بی این پی عوامی کو دولخت کرنے کے سیاسی دباﺅ اور ورکروں کی ناراضگی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر شدید مایوسی سے دوچار ہو کر سرکاری وسائل اور مشینری کو استعمال میں لاکر پارٹی کو دولخت کرنے کے بعد پنجگور کے عوام اور غریب سرکاری ملازمین پر اپنی تلوار چلانا شروع کی ہے لیکن نیشنل پارٹی نقلی رھشون کو پنجگور کے عوام کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔


