تمپ میں گلوکار منہاج مختار سمیت متعدد گھروں پر چھاپے، 2 افراد لاپتہ
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) کیچ میں تمپ کے علاقے کونشکلات میں استاد منہاج مختار (انقلابی گلوکار) اور دیگر کے گھر پر فورسز کا چھاپہ، مبینہ طور پر دو افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔ استاد منہاج مختار کے والد کو گھر پر چھاپے کے دوران شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ بلوچستان کے ضلع کیچ میں فورسز نے انقلابی گلوکار سمیت متعدد افراد کے گھروں پر چھاپے مارکر دو افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق منہاج مختار کے والد کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، بعد ازاں چھوڑ دیا، جبکہ گھروں میں موجود موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ اس کے علاوہ فورسز کیساتھ جھڑپ میں جاں بحق ہونیوالے عرفان کے گھر پر بھی چھاپہ مارکر گھر میں موجود لوگوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واضح رہے کہ منہاج مختار کے گھر پر اس سے قبل بھی متعدد بار چھاپے مارے جاچکے ہیں اور گھروں کو جلایا بھی گیا ہے۔


