پاکستان میں جمہوری اداروں کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی، اسرار اللہ زہری

خضدار (بیورو رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق بی این پی عوامی کے مرکزی صدر سابق سینیٹر میر اسرار اللہ خان زہری نے چیئرمین سینیٹ میرصادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر ایوان بالا کے پچاس ویں گولڈن جوبلی کے پر وقارتقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سابق سینیٹر میر اسراراللہ خان زہری نے ایوان بالا کی 50 ویں سالگرہ پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملک اور قوم کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے آج ایوان بالا نے اپنے تاریخی سفر کے 50سال مکمل کر لیے ہیں ایوان بالا کے قیام سے حقیقی جمہوریت وجود میں آئی۔ ایوان بالا پورے ملک اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کی موثر آواز ثابت ہوا۔ ایوان بالا نے عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے جو خدمات اور قانون سازی کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی بلوچستان سے واحد قوم پرست سیاسی جماعت ہے جس نے اٹھارویں ترمیم پر دستخط کیے، اسی ایوان بالا میں سابق سینیٹر میر اسراراللہ خان زہری کی گرانقدر خدمات ہیں، اٹھارویں ترمیم پر دستخط صوبوں کی خودمختاری اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی پہلی کڑی ہے جس میں قوم پرست جماعت بی این پی عوامی نے ایوان بالا میں صوبوں کی منصفانہ تقسیم کو مخلوط خاطر رکھتے ہوئے دستخط کیے۔ 50 سالہ گولڈن جوبلی کی پر وقار تقریب میں 1973 سے 2023 تک تصویری بھی نمائش کا افتتاح کیا گیا جس میں قائد عوام فرزند بلوچستان میر اسراراللہ زہری کی یادگاری تصاویریں بھی آویزاں کیا گیا ملک کے جمہوری سفر میں آج کا دن اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، آج کا دن جمہوریت کے اصولوں سے ہماری وابستگی کے اعادہ کا دن ہے۔ آج کا تاریخی دن ایوان بالا کی کاوشوں اور اہم کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایوان بالا کے تاریخی اور شاندار سفر پر اراکین سینیٹ، عملے اور ان تمام لوگوں کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے50 برسوں سے سینیٹ کی اہم کامیابیوں میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا۔ احتساب، شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے میں سینیٹ کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے تاکہ ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہو سکے انہوں نے کہا ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لئے ہمیں اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مزید انتھک محنت کرنی ہوگی۔ بی این پی عوامی کے سربراہ سابق سینیٹر میر اسرار اللہ زہری نے بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملکی تاریخ کا اہم دن ہے۔ پاکستان کے ایوانِ بالا نے اپنے تاریخی سفر کے 50 سال مکمل کر لیے ہیں ایوان بالا ان 50 سالوں میں تمام صوبوں کے لیے بہتر قانون سازی و تاریخی اقدار کو برقرار رکھا ہے۔ ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان محمد جمالی، سینیٹرز ثنا جمالی، شہادت اعوان، بہرمند خان تنگی، حاجی ہدایت اللہ اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے علاوہ ایوان بالا کے اعلی حکام بھی موجود تھے اس موقع پر شہزادہ جھالاوان نوابزادہ میر شاویزخان زہری, بی این پی عوامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری حاجی عبدالوہاب موسیانی ودیگر پارٹی قائد کے ہمراہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں