بیرک گولڈ نے چاغی کے ہمائی گاﺅں میں پرائمری اسکول کا افتتاح کردیا، مفت تعلیم فراہم کریگا

کوئٹہ (آن لائن) بیرک گولڈ کارپوریشن نے گزشتہ ریکوڈک کے قریب ہمائی گاﺅں میں پرائمری اسکول کا افتتاح کرکے اپنے سماجی منصوبوں کا آغاز کردیا ہے، یہ اسکول مقامی کمیونٹی اور اردگرد بسنے والے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکوڈک کے کنٹری منیجر علی احسان رند کا کہنا تھا کہ بیرک مقامی لوگوں کے ساتھ مخلص شراکت داری پر یقین رکھتا ہے جس سے حقیقی تبدیلی لا کر مقامی لوگوں کیلئے پائیدار ترقی کی بنیاد تعمیر کی جاسکے گی انہوں نے امید ظاہر کی ہمائی میں کھلنے والا پرائمری سکول مقامی بچوں کیلئے معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے مواقع پیدا کرے گا۔ علی رند کا مزید کہنا تھا، "تعلیم کی فراہمی ہماری ترجیح رہے گی اور ہمائی میں کھلنے والے پرائمری سکول کو مرحلہ وار ترقی دی جائے گی اس کے علاوہ رواں سال میں3 قریبی دیہات کے علاوہ نوکنڈی میں بھی بچوں کو تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ یہ منصوبے بیرک کی مقامی افراد کو تعلیم فراہم کرکے مستقبل میں کان کنی کے شعبے میں ملازمت کیلئے تیار کرنے کی پالیسی کا حصہ ہیں ۔ ہم ضلع چاغی کے دیگر علاقوں میں بھی اپنے تعلیمی منصوبوں کی توسیع کریں گے تاکہ مقامی افراد کیلئے تعلیم حاصل کرنے اور ہنر سیکھنے کے مواقعوں میں اضافہ کیا جاسکے "۔اس موقع پر موجود مقامی قبائلی رہنماوں اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے بیرک کے مقامی لوگوں کی ضروریات کو م ِدنظر رکھتے ہوئے سکول کھولنے کے منصوبے کو سراہا کیونکہ اس سے پہلے ہمائی کے بچوں کوسکول اور تعلیم تک رسائی حاصل نہیں تھی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایک مقامی رہنما کا کہنا تھا "ہم اس مقامی سکول کو فعال کرنے ، تربیت یافتہ استاد کی تعیناتی اور بچوں کو مفت یونیفارم اور کتابیں فراہم کرنے کیلئے بیرک کے انتہائی شکر گزار ہیں اب ہم اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے پر امید ہیں "۔ بیرک کی سماجی سرمایہ کاری کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کمیٹیز (CDC) کی رہنمائی میں کام کرتی ہے جس میں مقامی رہنما بطور اہم سٹیک ہولڈر شامل ہیں ۔کمپنی کی پالیسی کے مطابق قریبی دیہاتوں )ہمائی مشکی چاہ، نوک چاہ اور دربان چاہ( کیلئے کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کمیٹی(CDC) قائم کر دی گئی ہے جس کا نام مقامی پہاڑ کی نسبت سے "پارے کوہ” رکھا گیا ہے۔ یہ کمیٹی اپنی اگلی میٹنگ میں دو سالہ ترقیاتی منصوبوں کا تعین کرے گی جس میں غذائی قلت کا خاتمہ ، مقامی معیشت کی ترقی، تعلیم کی فراہمی ، صحت کی سہولیات میں اضافہ اور قاب ِل استعمال پانی کی فراہمی کے منصوبوں پرترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ریکوڈک منصوبے سے آنے والی نسلیں کم از کم 40 سال تک مستفید ہوں گی ۔ یہ پراجیکٹ اپنی تعمیر کے عروج پہ متوقع طور پر تقریبا 7,500 افراد کو روزگار مہیا کرےگا اور پیداواری مرحلے کے آغاز میں 4,000 طویل المدتی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا۔ بیرک پوری دنیا میں اپنی کان کنی کے منصوبوں میں میزبان ملک کے مقامی افراد کو روزگار مہیا کرنے کو ترجیح دیتا ہے جس کے مقامی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔بیرک سال 2024تک ریکوڈک منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ اپڈیٹ مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جبکہ کان سے دھاتوں کی پیداوار شروع کرنے کا ہدف سال 2028 مقرر کیاگیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں