ایف آئی اے کی ٹیم سنگین وارداتوں میں ملوث نصر اللہ کو جنوبی افریقہ سے پاکستان لے آئی

لاہور ( این این آئی) آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سنگین جرائم میں مطلوب بیرون ملک فرار اشتہاریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور سی آئی اے کی ٹیم سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری نصراللہ کو جنوبی افریقہ سے لے کر وطن پہنچ گئی،مذکورہ ملزم قتل،اقدام قتل، بھتہ خوری،اور تخریب کاری ایکٹ کے تحت چار مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ترجمان پولیس کے مطابق پنجاب پولیس 24جنوری سے لے کر اب تک بیرون ملک مفرور 15خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لاچکی ہے۔ بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے دیگر اشتہاریوں میں علی یٰسین ، محمد یونس، شمس شہزاد، ظہیر احمد، محمد جنید، عمر شہزاد، جاوید اقبال ،محمد خلیل خان، علی حسنین، اویس خورشید، غیور عباس، صہیب غنی، شاہد محمود اور شہباز شامل ہیں ۔ یہ ملزمان تخریب کاری، قتل، بھتہ مانگنے، اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے،مذکورہ اشتہاریوں کو خلیجی ممالک، یورپ، جنوبی افریقہ، برطانیہ، ڈنمارک اور امریکہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔رواں برس پنجاب پولیس نے بیرون ملک فراراشتہاریوں کے ریڈ وارنٹس کیلئے 88 کیسز انٹرپول کوبھجوائے ہیں۔ انٹرپول اب تک 37 کیسز میں بیرون ملک فرار خطرناک اشتہاریوں کے ریڈ وارنٹ جاری کرچکا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایف آئی اے اور انٹرپول کے تعاون سے خطرناک اشتہاری ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں