وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا، سوئی سدرن کمپنی شہریوں کو گیس فراہم نہیں کرسکتی تو اپنے انتظامات خود دیکھے، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سنجیدگی کیساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے رمضان المبارک میں سستے اور بچت بازار لگا کرعوام کو ریلیف اور مستحق افراد کو راشن دیا جائیگا ، گیس کے بحران کا نوٹس لیا گیا ہے، عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 1400سے زائد ڈاکٹروں کو اگلے گریڈ میں ترقی دی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سیکرٹری صحت بلوچستان صالح محمد ناصر کے ہمراہ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، ان کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان کا آغاز رمضان المبارک کے بابرکت مہینے سے ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ملک قائم و دائم رہنے کیلئے معرض وجود میں آیا ہے،آج ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم ملک کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے رمضان کے مہینے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان بچت بازار لگایا گیا ہے ،اور مستحق افراد کو راشن بھی تقسیم کیا جائیگا،کیونکہ حکومت کو اپنے لوگوں کی مشکلات کا اندازہ ہے،رمضان میں گیس بحران کا وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے گیس حکام کو بتا دیا ہے کہ اگر وہ گیس فراہم نہیں کر سکتے تو اپنے انتظامات خود دیکھیں ، کیونکہ عوام کو گیس کی عدم فراہمی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ہونے والے پی ایس ایل کے نمائشی میچ کا انعقاد حکومت کی کامیابی ہے ، عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں صحت کی سہولیات میں سب سے بڑی دشواری پھیلی ہوئی آبادی ہے، بلوچستان میں 3ہزار افراد کیلئے ایک ڈاکٹر دستیاب ہے ڈاکٹروں کی کمی کے باعث بلوچستان حکومت نے مزید 3میڈیکل کالجز قائم کیئے ہیں نئے میڈیکل کالجز کے قیام سے 500سے زائد ڈاکٹر فارغ التحصیل ہونگے ڈاکٹروں کی ترقی کا عمل بھی سست روی کا شکار تھا اس لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور 1400سے زائد ڈاکٹروں کو ترقیاں دی گئیں ہیں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 15ڈی ایچ کیوز کو ٹیچینگ ہسپتال کا درجہ دیا گیا ہے بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں مسائل بہت زیادہ ہیں، دوران زچگی خواتین کی اموات کا بڑا مسئلہ درپیش ہے ، دوران زچگی 1لاکھ خواتین میں سے 700سے مائیں موت کی آغوش میں چلی جاتی ہیں اس لئے حکومت نے صحت کارڈ کے حوالے سے اپنے عوام کو صحت کی سہولیات یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں جس سے لوگوں کو بیماریوں کا علاج کرانے میں مدد ملے گی،سستے بازار میں اشیاءکی فراہمی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سستے بازار کے ذریعے لوگوں کو رمضان المبارک میں سستے داموں اشیاءکی فراہمی یقینی بنائے گی اگر کوئی شکایت ملی تو اس پر کارروائی عمل میں لائی جائیگی، ہسپتالوں میں ڈاکٹر ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہی ڈاکٹروں کو ترقیاں دینے کے علاوہ محکمے کی بہتری کیلئے مزید اقدامات اٹھائے ہیں۔


