مینار پاکستان جلسے سے قبل کریک ڈاؤن ، متعدد پی ٹی آئی رہنما و کارکنان گرفتار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مینار پاکستان پر جلسے سے قبل کریک ڈاؤن کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج لاہور میں ہونے والے جلسے سے قبل کارکنوں کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد کو گرفتار کرلیا۔ راولپنڈی میں بھی ٹی آئی کارکنوں ،مرکزی رہنماوں اور عہدیداروں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین عامر کیانی، غلام سرور خان، راجہ بشارت، سٹی صدر میاں عمران حیات، سٹی سیکرٹری اطلاعات راجہ عثمان اور دیگر کی گرفتاری کے لیے رات گے چھاپے مارے گے لیکن کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔پی ٹی آئی کے تمام قائدین گرفتاریوں سے بچنے کے لیے روپوش ہوچکے ہیں۔ ایک ہفتے سے جاری پولیس کریک ڈاون میں 33 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا جن کو بعد میں عدالتوں سے رہائی بھی مل چکی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے آج مینار پاکستان جلسے سے پہلے پولیس نے کریک ڈاؤن کیا ہے۔پولیس نے رحیم یارخان کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے 50 سے زائد کارکنان گرفتار جبکہ ملتان میں پی ٹی آئی رہنما جاوید انصاری کے بیٹے سمیت 26 کارکن گرفتار کرلیے۔تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لودھراں اور بھکر سے بھی ان کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ادھر سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پر چھاپا مارا گیا تاہم عثمان ڈار گھر پر نہیں ملے۔ عثمان ڈار نے چھاپے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے چھاپے کو مینار پاکستان جلسہ ناکام کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما فیصل امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پولیس نے جمعہ کو ان کے گھروں پر 3 بار چھاپا مارا۔


