حکومت زیارت میں برفباری سے محصور لوگوں کو اشیاءخورونوش کی فراہمی یقینی بنائے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز توبہ اچکزئی ، زیارت ، توبہ کاکڑی ودیگر علاقوں میں ہونیوالے برفباری کے بعد وہاں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، صوبائی حکومت ، محکمہ پی ڈی ایم اے ، ضلعی انتظامیہ راستوں کی بحالی اور بالخصوص جن علاقوں میں لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوچکے ہیں انہیں اشیاءخوردونوش ، اشیاءضروریات کی فراہمی یقینی بنائے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں ہونیوالی بارش اور بعض علاقوں بالخصوص زیارت ، توبہ کاکڑی ، توبہ اچکزئی ودیگر علاقوں میں ہونیوالی برفباری سے کئی دیہاتوں کے شہرسے رابطے منقطع ہوچکے ہیں ، ان راستوں کی بحالی اوروہاں کے عوام کیلئے امداد پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونیوالی شدید ژالہ بھاری سے لوگوں کی تیار فصلیں تباہ ہوچکی ہے، باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔صوبائی حکومت ، محکمہ زراعت ان زمینداروں ، کسانوں کے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے ان کی ہر قسم کی مدد وتعاون کیلئے اقدامات کریں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں عوام کو گیس کی سہولت میسر نہیں ، جن علاقوں میں گیس کی پائپ لائنیں بچھائی گئی ہے وہاں پر بھی عوام پر گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی کو مسلط کرکے کوئٹہ شہر کے لاکھوں کی آبادی کو گیس سے محروم رکھا گیا ہے اوراس شدید مہنگائی میں انہیں متبادل ایندھن استعمال کرنے کیلئے مجبور کیا گیا ہے ، یہی صورتحال ضلع پشین اور ضلع زیارت کی ہے ، بالخصوص ضلع زیارت میںبرفباری ہونے ، شدید سردی کے باعث وہاں کے لوگ قیمتی جنگلات کو بے دریغ کاٹ رہے ہیں جنہیںروکنے والا کوئی نہیں ، محکمہ جنگلات سمیت ہر ادارہ اپنی ذمہ داریوں میں غفلت کا مرتکب ہورہا ہے ۔ اس قیمتی جنگلات کی کٹائی اور اسے مزید نقصان سے بچانے کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی گیس کی فراہمی کو درست پریشر کے ساتھ یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں