جعفرآباد، مختلف یونین کونسلز کے چیئرمینوں نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا
ڈیرہ اللہ یار (این این آئی) جعفرآباد کی مختلف یونین کونسلز کے چیئرمینز نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا، بلدیاتی انتخابات میں یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد منتخب ہونے والے یونین کونسل سموں کے چیئرمین پیر بخش رند، یونین کونسل ببر جمالی سے میر عطاءاللہ پندرانی، یونین کونسل مانجھوٹی سے میر مٹھا خان بادینی اور یوسی بند مانک سے نظر حسین کھوسہ نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے والے یوسی چیئرمینز نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقی کے سینئر ڈیولپمنٹ آفیسر احمد حسن چانڈیو سے مشترکہ ملاقات کی جس کے بعد سینئر ڈیولپمنٹ آفیسر نے چارج سنبھالنے والے یوسی چیئرمینز کو بینک اکاﺅنٹ کے دستخط دلوائے۔ اس موقع پر سینئر ڈویلپمنٹ آفیسر احمد حسن چانڈیو نے تمام یوسی سیکرٹریز کو ہدایت جاری کی کہ فنڈز، ڈیتھ اور برتھ سرٹیفکیٹ کے اجراءسمیت تمام سرکاری معاملات میں منتخب چیئرمین کو اعتماد میں لیکر انکے داستخط کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کو شفاف طریقے سے یقینی بنایا جاسکے۔


