ہدایت الرحمن کی ضمانت مسترد کرنا مکران کے عوام کیخلاف سازش ہے، حق دو تحریک
پنجگور :حق دو تحریک پنجگور کے آرگنائزر ملا فرہاد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مولانا ہدایت الرحمن کی ضمانت مسترد کرنا مکران کے عوام کیخلاف ایک سازش ہے ہزاروں افراد کے حق رائے دہی پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔ افسوس وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے مستعفی ہونے کا مطالبہ و انہیں جانبدار کا الزام لگا کر بری الذمہ ہیں لیکن ہدایت الرحمان نے صرف عوام کی بنیادی ضروریات انکے قانونی آئینی حقوق کی بات کی تو مولانا ہدایت الرحمن ملزم ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک کا قانون اور آئین چند افراد کے ہاتھوں یرغمال ہے، انکے لئے کوئی قانون آئین نہیں لیکن بلوچ و بلوچستان بالخصوص مکران کے عوام پر پانی، تعلیم، صحت روزگار مانگنے والوں کیلئے قانون ہے، انہیں گرفتار کرکے ناقابل ضمانت بند کردیا جاتا ہے انہوں نے کہا ہے کہ اگر مولانا ہدایت الرحمان کو وہی حقوق نہیں دئیے گئے جو دیگر صوبوں کے وزرا کو دیئے انہیں رہا نہیں کیاگیا تو سڑکوں پر نکلیں گے۔


