ضلع بولان میں ہرک ریلوے پل کی تعمیر مکمل، 15 اپریل سے ٹرین چلانے کا فیصلہ
کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان کے ضلع بولان میں مون سون بارشوں کے دوران ٹوٹ جانے والے ہرک ریلوے پل کی تعمیر مکمل، ٹریک بچھانے کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گیا،محکمہ ریلویز نے پندرہ اپریل سے کوئٹہ سے جعفرایکسپریس کو چلانے کا فیصلہ کرلیا ، عید اسپیشل ٹرین بھی 18اپریل کو کوئٹہ سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوگی۔ ریلوے حکام کے مطابق گذشتہ سال 24اگست کو مون سون بارشوں کے دوران سیلابی ریلے کے باعث بولان کے علاقے ہرک میں ریلوے کا پل ٹوٹ کر گر جانے سے کوئٹہ سے اندورن ملک کیلئے ٹرین سروس معطل ہوگئی تھی تاہم بیس نومبر کو مچ سے پشاور کیلئے ٹرین سروس بحال کردی گئی ، ایف ڈبلیو او نے گذشتہ سال ستمبر میں ہرک کی از سر نو تعمیر کا آغاز کیا اور 56کروڑ روپے کی لاگت سے سات ماہ کی مدت میں ریلوےپل کی تعمیر کا کام مکمل کردیا ہے ۔ہرک ریلوے پل پر ریلوے لائنیں بچھانے کا کام آخری مراحل میں ہے جس کے بعد پندرہ اپریل سے کوئٹہ سے پشاور کیلئے جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے چلائی جائے گی ،، جبکہ اٹھارہ اپریل کو راولپنڈی کیلئے عید اسپیشل ٹرین بھی کوئٹہ سے روانہ ہوگی ۔


