ترجمانوں اورکوارڈی نیٹرزکی تعیناتی سے متعلق کیس، حکومت بلوچستان عدالت میں جواب جمع نہ کرسکی
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان ہائی کورٹ میں حکومت بلوچستان کے ترجمانوں اورکوارڈی نیٹرزکی تعیناتی کے کیس کی سماعت ، حکومت جواب جمع نہ کرسکی، کیس کی اگلی سماعت سوموارکوہوگی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عامر نواز رانا پر مشتمل بینچ نے گزشتہ روز بلوچستان حکومت کے ترجمانوں اورکوارڈی نیٹرزکی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت کی، گزشتہ سماعت پر عدالت نے حکومت سے کوآرڈی نیٹرز کی مراعات اور تفصیلات سے متعلق جواب طلب کیا تھا تاہم حکومت کی طرف سے کوآرڈی نیٹرز کی تعیناتی سے متعلق تفصیلات جمع نہ کئے جاسکے۔سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جواب دینا نہیں چاہتی یا پھر جواب ہے نہیں،حکومت اگلی سماعت پرہرحال میں جواب پیش کرے۔ عدالت نے کیس کی سماعت پیرتک ملتوی کرتے ہوئے اگلی سماعت پرحکومت بلوچستان سے جواب طلب کرلیا۔


