افغان صوبے پکتیکا میں مسلح افراد کی فائرنگ، بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق

کوہاٹ (این این آئی) پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ پکتیکا میں فائرنگ کے نتیجے میں بچوں اورخواتین سمیت 8 افغان شہری لقمہ اجل بن گئے جبکہ صوبائی گورنر نے 7افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ سرحد پار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ گزشتہ شب صوبہ پکتیکا کے ضلع خیر کوٹ کے علاقہ پائندہ خیل میںپیش آیا جہاں مبینہ طورپر فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب سیکیورٹی فورسز نے اپنے سسر کے قتل کے الزام میں مطلوب ایک مسلح ملزم کوگرفتار کرنے کے لئے چھاپہ مارا جہاں مسلح ملزم نے اپنی بیوں اور بچوں سمیت بھاگ کر پڑوسی کے گھر میں گھس کرپناہ لی اور گرفتاری سے بچنے کے لئے اس گھر کے افراد کو بھی یرغمال بناکرڈھال بنایا اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلہ شروع کیا تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم ‘ اس کی بیوی ‘بچے اور یرغمالی خواتین و بچوں سمیت آٹھ افرادہلاک ہوگئے۔ ادھرصوبہ پکتیکا کے گورنر کے ترجمان کا واقعہ کے بارے کہنا ہے کہ گزشتہ رات اس صوبے کے ضلع خیر کوٹ میں دو خاندانوں کے درمیان جھگڑے میں سات افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک خاندان کی دوخواتین اور دوبچوں سمیت چار افرادشامل ہیں جبکہ دوسرے خاندان کی ایک خاتون اور لڑکی سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں