سوڈان میں فوج اور حریف پیراملٹری فورس کی جھڑپیں جاری، ہلاکتیں 56 تک پہنچ گئیں، 595 زخمی

خرطوم(مانیٹرنگ ڈیسک)افریقی مسلمان ملک سوڈان میں فوج اور حریف پیرا ملٹری فورس میں دوسرے روز بھی لڑائی کا سلسلہ جاری رہا، مرنے والوں کی تعداد 56 ہوگئی جن میں ایک بھارتی شہری بھی شامل ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹروں کی تنظیم نے بتایا کہ سوڈان میں فورسز کے درمیان جھڑپوں اور ہنگاموں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد تقریبا 595 ہے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔سوڈان کی پیراملٹری ریپڈ فورس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور دارالحکومت خرطوم کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ فوج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ حملہ آروں کیخلاف جوابی کارروائی کی جارہی ہے۔ اب پیراملٹری ریپڈ فورس نے فوج پر پہلے حملہ کرنے کا الزام لگایا اور شمالی شہر میرو اور مغربی شہر الابض کے ایئرپورٹ پر قبضے کا دعویٰ بھی کیا۔ پیرا ملٹری فورس کے سربراہ محمد حمدان دگالو نے دعوی کیا ہے کہ خرطوم کے بیشتر سرکاری مقامات پر ان کے گروپ نے قبضہ کرلیا ۔دوسری جانب ملک کے فوجی رہنما جنرل عبدالفتاح البرہان نے دگالو کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے سرکاری مقامات پر کنٹرول برقرار رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں