طورخم سرحد پر بڑا پہاڑی تودہ گرنے سے تقریبا 2درجن ٹرک اور کنٹینر مٹی اور پتھروں کے نیچے دب گئے
راولپنڈی (آئی این پی)پاکستان میں طورخم سرحد پر بڑا پہاڑی تودہ گرنے سے تقریبا 2درجن ٹرک اور کنٹینر مٹی اور پتھروں کے نیچے دب گئے، سرکاری و فوجی ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، واقعے میں 3افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، مزید افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے، نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقے میں طورخم سرحد پر حادثہ منگل کو سحری کے وقت پیش آیا، آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر میں طورخم روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے 3افراد جاں بحق اور 12زخمی ہوگئے، مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد آرمی کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملبے تلے دبے 3افراد کی لاشیں جبکہ 12افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا،پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، آرمی انجینئرز کے متعدد ڈمپرز، ڈوزر اور مشینری ملبہ ہٹانے کے کام میں حصہ لے رہی ہیں،پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے اپنے مخصوص سرچ کیمروں، ریسکیو ریڈار، کٹرز اور لائف لوکیٹرز کی مدد سے ملبے میں دبے 2افراد کی لاشیں جبکہ 12زخمیوں کو زندہ نکال لیا،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی کی ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے آخری فرد کے انخلا تک آپریشن جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں،رپورٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب 100سے زائد ٹرک طورخم سرحد عبور کرنے کیلئے انتظار میں کھڑے تھے،حکام نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی، علاقے میں رات بھر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، امدادی کارکنوں کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے ایک ٹرک میں فورا ہی آگ بھڑک اٹھی تھی، جس میں زخمی ہونیوالے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔


