نوجوان نسل تیزی سے وارداتوں میں ملوث ہو رہے ہیں ، صادق عمرانی

کوئٹہ (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ علاقے میں چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور پولیس کی سرپرستی میں منشیات اور قمار بازی کے اڈے سرعام چلنے کی وجہ سے نوجوان نسل تیزی سے اس بری لعنت میں مبتلا ہو رہے ہیں اور ان کا مستقبل برباد ہو رہا ہے آئی جی پولیس بلوچستان اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اس گھناؤنے اقدام میں ملوث عناصر کی سرکوبی کرنے کیلئے خصوصی اقدمات اٹھائیں تاکہ علاقے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ حیرت اور افسوس کی بات ہے کہ چند پیسوں کی خاطر پولیس نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، سرعام ڈیرہ مراد جمالی اور ملحقہ علاقوں میں شیشے منشیات اور قمار بازی کے اڈے چل رہے ہیں جہاں پر نوجوان نسل اس بری لعنت میں مبتلاء ہو کر اپنے مستقبل تباہ کر رہی ہے، پولیس نے اس گھناؤنے کاروبار کو روکنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جس کی وجہ سے منشیات اور نشہ آور اشیا ء کی سرعام فروخت تیزی سے پھیل رہی ہے، پولیس اور انتظامیہ نے اس کے تدارک اور سد باب کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جسکی وجہ سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے،ڈیرہ مراد جمالی اور نصیر آباد پولیس کی جانب سے ان عناصر کیخلاف کارروائی نہ کرنے کا مقصد اس گورکھ دھندے میں ان کی پشت پناہی حاصل ہے، جس کی بدولت نشہ آور چیزیں باآسانی تیزی سے پھیل رہی ہیں اور نوجوان نسل کا مستقبل برباد ہو رہا ہے غریب لوگوں کے بچے منشیات جیسے لعنت میں مبتلاء ہو رہے ہیں اور انکے گھر اجڑ رہے ہیں ِ پولیس اور متعلقہ ادارے اس کی روک تھام کیلئے کام نہیں کرینگے تو اس کی روک تھام کیسے ممکن ہو گی، علاقے میں آئے روز بڑھتی ہوئی چوری،ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں نصیر آباد، سٹی اور دیرمراد جمالی کے مکینوں کو تشویش میں مبتلاء کر رکھا ہے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ علاقے کی خراب صورتحال اور بد امنی کے حالات اور واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام میں پائی جانے والی تشویش دور ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں