ہمیں زبان رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت میں ایک سچے مسلمان کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،ڈاکٹرمالک بلوچ
کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ماہ صیام کے با برکت روزوں اور عبادات کو قبول فرمائے رمضان المبارک ہمیں برداشت اور حاجزی و انکساری کا درس دیتا ہے ہمیں اس انسانیت و اخلاص کے پیغام کو لے کر سماج میں برابری اور انصاف کے حصول کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں فرقہ واریت، زبان و رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت میں ایک سچے مسلمان کی حیثیت سے اپنا کردار ایمانداری و خلوص سے ادا کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ بلوچستان و ملک اس وقت شدید معاشی، انتظامی اور عدالتی بحران میں پھنس چکا ہے۔ اعلی عدلیہ کے اجلت میں لیے گئے فیصلوں کے سبب مسائل و مشکلات کا شکار ہوچکا ہے۔ ملک اس وقت شدید عدالتی بحران کا شکار ہوچکا ہے جبکہ معاشی اور اقتصادی صورتحال کے سبب لوگ شدید معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ قوموں کے درمیان وسائل و اختیارات کی غیر منصفانہ تقسیم نے جمہوریت اور قوموں کی برابری کے حوالے سے سوالات پیدا کئے ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں لوگوں کا جبری طور پر لاپتہ سنگین سماجی و سیاسی مسلہ بن گیا ہے انصاف اور قانون کے ادارے عوام کو انصاف و ریلیف دینے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہے ہیں ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عیدالفطر کے پر رونق دن کی مناسبت سے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بناتے تاکہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ خوشی اور عبادت کے اس دن کو اپنے پیاروں کے ساتھ مناتے۔ انھوں نے بلوچستان اور ملک بھر کے لوگوں سے اپیل کی کہ عیدالفطر انتہائی سادگی سے منائیں اپنے ہمسایوں اور عزیزوں کا خیال رکھیں اور دوستی کا ہاتھ بڑائیں۔


