محکمہ شماریات نے کوئٹہ میں مردم شماری کی تاریخ میں پانچ روز کی توسیع کردی

کوئٹہ: محکمہ شماریات نے کوئٹہ میں مردم شماری کی تاریخ میں پانچ روز کی توسیع کردی،کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی کا کہنا ہے کہ پشین کے علاقوں سرخاب اور سرانان کے کچھ بلاکس میں مردم شماری رہ گئی ہے جبکہ کوئٹہ میں درج کرائے جانے والی شکایات پر کام جاری ہے۔کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر محکمہ شمار یات نے کوئٹہ کیلئے مردم شماری کی مدت میں پانچ روز کی مزید توسیع کردی ہے اب کوئٹہ میں مردم شماری تیس اپریل تک جاری رہے گی۔نور احمد پرکانی نے بتایا کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مردم شماری کاعمل مکمل کرلیا گیا،پشین کے علاقوں سرخاب اور سرانان میں چند بلاکسز میں ناگزیر وجوہات کی بنا پر مردم شماری رہ گئی ہے جسے ایک دو روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔کمشنر مردم شماری بلوچستان نے بتایا کہ کوئٹہ میں بھی مردم شماری99فیصد مکمل ہوچکی ہے تاہم کوئٹہ سے مردم شماری کے حوالے سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے مردم شماری کا عملہ گھر گھر جاکر کام کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں