مزدوروں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، عبدالرحمن کھیتران
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ ہمارے مزدوروں نے اس ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یوم مزدور کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے وزیر مواصلات نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے مزدوروں کے حقوق کے لیئے عملی اقدامات کیے ہیں۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے کم از کم اجرت 25 ہزار کر کرے مزدور کے چولہے کو گرم کیا، ہم زرعی محنت کشوں کو بھی نہیں بھولے۔ وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ حکومت نے لیبر پالیسی کے تحت چائلڈ لیبر کے خلاف اقدامات کئے ہیں، ہمارے مزدوروں نے اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صوبے میں مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔


