بلوچستان کے ساحلی علاقے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز، حکومت سیاحت کے فروغ میں ناکام
گوادر (این این آئی) ضلع گوادر سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال، ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز، ایک سال میں جاپان، اٹلی، فرانس، جرمن سائیکلسٹ سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سیاحت کے سلسلے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آمد، حکومتی سطح پر ان علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے خاطر خواہ سنجیدگی دکھائی نہیں دیتی ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر، پسنی، جیونی،اورماڑہ، کنڈملیر، اور دیگر علاقے قدرتی حسن سے مالا مال علاقے ہیں جہاں قدرت کی عطا کردہ حسین نظاروں میں اسٹولہ جزیرہ، جڈی، زرین، دران بیچ،کنڈملیر بیچ، تاک بیچ، جیونی سن سٹ پوائنٹ، سمیت مستانی ڈیزرٹ کے دلفریب قدرتی مناظر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو اپنے جانب کھینچ لانے میں مجبور کرتی ہیں محکمہ سیاحت و ثقافت کے مطابق پچھلے سال کو ان علاقوں میں غیر ملکی سیاحوں میں سے فرانس، جاپان، اٹلی اور جرمنی سمیت دیگر بین الاقوامی اور ملکی سیاحوں نے ان علاقوں کا رخ کیا اور یہاں کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوئے ایک تجزیے کے مطابق ان علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے موثر اقدامات جن میں قیام وطعام کے فقدان کی وجہ سے سیاحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اگر حکومتی سطح پر ان علاقوں میں سیاحوں کےلئے موثر اقدامات کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں قدرتی مناظر پر توجہ دی جائے تو ان قدرت کے شاہکار حسین نظاروں کو چار چاند لگ جائیں گے جس میں سیاحت کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی اور جن سے ان علاقوں کی معیشت کے ساتھ ساتھ ملکی زرمبادلہ میں اضافے کا بھی باعث بنیں گے واضح رہے کہ بلوچستان میں جام حکومت میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے اور ان علاقوں میں پارک اور ریزورٹ کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے گئے جن پر تاحال تعمیراتی کام جاری ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے سیاحوں کو سہولت میسر آئیں گے۔


