فدا بلوچ نے سیاست میں نئے رجحانات متعارف کروا کر نوجوانوں کو قوم پرستی کا نظریہ دیا، بی ایس او
مستونگ (انتخاب نیوز) بی ایس او مستونگ زون کی جانب سے شہید فدا بلوچ کی برسی کے موقع پر تقریب کا ہوئی جسکی صدارت چیئرمین بی ایس او جہانگیر منظور بلوچ نے کی۔ تقریب کا آغاز دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔ تقریب سے چیئرمین بی ایس او جہانگیر منظور بلوچ، بی این پی کے ضلعی صدر حاجی نذر جان ابابکی، بی ایس او مستونگ کے جنرل سیکرٹری باقر بلوچ، تحصیل صدر ظہور احمد لہڑی، بی ایس او مستونگ کے سینئر نائب صدر محسن بلوچ، عصمت بلوچ، بی این پی مستونگ کے جنرل سیکرٹری جمیل بلوچ، بی ایس او مستونگ کے علی بلوچ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے شہید فدا بلوچ کی قربانیوں اور قومی جدوجہد پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین بی ایس او و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بلوچ سیاست شہید فدا بلوچ و دیگر اکابرین کی قربانیوں کی بدولت ہے جنہوں نے بلوچ نوجوانوں کو قوم پرستی کا نظریہ دیا۔ شہید فدا بلوچ نے بلوچ طلباءسیاست میں جدید سیاسی طرز کے رجحانات متعارف کروائے۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں نہ صرف بی ایس او کو منظم و فعال کیا بلکہ تنظیم کے اندر اصلاحات کے ذریعے نئی سمت پیدا کی۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ سیاسی ضروریات اس بات پر زور دیتی ہیں کہ قومی کمٹمنٹ اور نظریاتی جدوجہد کو مذید تیز کرکے تنظیمی سطح پر نوجوانوں کو یکجا کیا جائے۔ کسی بھی سیاسی تنظیم کیلئے یہ بات انتہائی اہم ہے، ڈسپلن اور سیاسی روبط کو برقرار رکھا جائے۔ بی ایس او بحیثیت قومی ادارہ اب بھی سیاسی نظریے پر عمل پیرا ہے۔


