شیخ رشید دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں: عظمیٰ بخاری

لاہور: لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے شیخ رشید دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، شہباز شریف کی ایک سرگرمی سے آپ کی جان نکلتی ہے، آٹے کا معاملہ چینی سکینڈل سے بڑا ہے، عمران خان کی نااہلی کی سزا پورا ملک بھگت رہا ہے۔پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما عظمی بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا شیخ رشید لال حویلی کی کہانی ضرور یاد کرلیا کریں، فیاض چوہان اور شیخ رشید ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے ہیں، شہباز گل کس حیثیت سے پنجاب ہاؤس میں رہتے ہیں ؟ شریف خاندان کا حکومتی الزامات سے کوئی تعلق نہیں، ہماری سیاست ختم ہوچکی تو ہمارا ذکر بار بار کیوں کرتے ہیں۔عظمی بخاری کا کہنا تھا حکومت عوام اور کورونا کے درمیان نہیں آنا چاہتی، وزیراعظم کو کورونا اور طیارہ حادثے کے شہدا سے ہمدردی نہیں، افسوس ہے کہ وزیراعظم کو چندہ لینا یاد رہتا ہے۔ انہوں نے کہا آٹا مہنگا ہوا، روٹی کی قیمت بھی بڑھائی گئی، جہانگیر ترین بیٹے کے ساتھ لندن جا چکے ہیں، عمران خان جب سے آئے ہیں ان کی نالائقی اور غفلت کی سزا ملک بھگت رہا ہے، ملک میں ہر طرف مسائل ہیں اور حل کچھ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں