کوئٹہ، منی پٹرول پمپس کیخلاف کریک ڈاؤن، 8 پمپس سیل، 3 افراد گرفتار
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ضلعی انتظامیہ کا منی پٹرول پمپس کیخلاف کریک ڈائون8پمپس سیل کر کے 3کارندے گرفتار کر لئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطا المنعم نے دیگر عملے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اسپنی روڈ پر 8منی پٹرول پمپس سیل کر دئیے جبکہ تین افراد کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا گیا ۔ اس موقع پر اے سی سٹی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی صوبے کے معاشی حالات کے تناظر میں ایرانی پٹرول کی خرید و فروخت میں نرمی کی گئی تھی لیکن منی پٹرول پمپس اب اس نرمی کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اکثر پمپس کا نہ صرف گیج کم ہے بلکہ مہنگے داموں پٹرول فروخت کر کے متوسط و غریب طبقے کے عوام کو لوٹا جا رہا ہے جبکہ منی پمپس پر حفاظتی اقدامات کا بھی خیال نہیں رکھا جا رہا جس سے نا خوشگوار واقعات بھی جنم لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ایرانی پٹرول کے کاروبار سے منسلک افراد سے کوئی رعایت نہیں کی جائیگی اور ان کیخلاف سخت کریک ڈائون کیا جائیگا اور ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کا سلسلہ مستقل طور پر جاری رہے گا۔


