بلوچستان بھر میں شدید بارشیں، مستونگ میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 نوجوان جاں بحق

کوئٹہ(آن لائن)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا، شہر میں بارش کے باعث بجلی کی بندش اور شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مستونگ کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث3نوجوان جاں بحق اور ایک بے ہوش ہو گیا ژالہ باری سے فصلوں اور کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور ندی نالوں میں طغیانی آنے سے لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث شہر اور گرد و نواح میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے شہرکی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، گندگی سڑکوں پر بہنے سے لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور بارش کے باعث بجلی کی بندش سے کاروباری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ژالہ باری سے فصلوں باغات کو شدید نقصان پہنچا ، بلوچستان میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جمعہ کی سہ پہر کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا مستونگ کے علاقے میں بارش کے دوران لکپاس کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 4نوجوان جو کہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے جن میں ریاض احمد ،احسان اللہ،اشرف اور غلام فاروق میں سے تین نوجوان جاں بحق اور ایک بے ہوش ہو گیا، جنہیں فور ی طور پر نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا گیا جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، کوئٹہ میں مسلسل بارشوں سے ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے الرٹ جاری کیا ہے مغرب سے بننے والے سسٹم کے زیر اثر بلوچستان بھر میں تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں اورژالہ باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے بارش کا سبب بننے والا ایک اور سسٹم شمال مشرق کی سمت سے صوبے میں داخل ہونے سے کوئٹہ، دالبندین، خضدار، مستونگ، خانوزئی، کان مہترزئی، قلعہ سیف اللہ، پشین اور کوہلو سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ لورالائی، دکی، اور موسیٰ خیل میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری سے متعددکچے مکانات مہندم،گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش بارکھان میں 34 ملی میٹرز ریکارڈ کی گئی۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 2 روز تک موسم ابرآلود رہنے کی پیشین گوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں