خضدار میں بے امنی، بجلی کی بندش اور اشیا ضروریہ کی اسمگلنگ کیخلاف نیشنل پارٹی کی احتجاجی ریلی

خضدار (انتخاب نیوز) بے امنی، لاقانونیت، اشیا ضروریہ کی اسمگلنگ، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف خضدار میں احتجاجی ریلی۔ نیشنل پارٹی و بی ایس او پجار کے زیر اہتمام نکالی گئی احتجاجی ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت اور نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکا شہر کے مختلف شاہراوں پر گشت کرتے ہوئے خضدار پریس کلب پہنچے جہاں ریلی کے شرکاءسے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ، بیرسٹر میرشاوس حاصل بزنجو مرکزی سیکرٹری انسانی حقوق میر دیدگ بیزن بزنجو، عبدالوہاب غلامانی میر سلمان زہری، انور رخشانی، خدا بخش بزنجو، عبیداللہ گنگو، شکیل بلوچ، انجمن تاجران خضدار کے سنیئر نائب صدر ایڈوکیٹ بشیر احمد جتک، حافظ حمید اللہ مینگل ریاض احمد شاہوانی ریاض بلوچ ڈاکٹر عبدالرشید غلامانی کسان اتحاد کے صوبائی چیئرمین آغا لعل جان احمد زئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کا راز پر امن ماحول پر منحصر ہے اگر امن و امان کی مخدوش صورتحال کا سامنا ہوگا اور حالات نا سازگار ہونگے ایسی صورت میں وہاں نہ صرف ترقی اور خوشحالی کا پہیہ جام ہوگا بلکہ تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبے بھی بری طرح متاثر ہونگے۔ ضلع خضدار میں گزشتہ ایک سال سے حالات دن بہ دن بد تر ہوتے جا رہے ہیں لیکن مقامی انتظامیہ و ذمہ دار متعلقہ ادارے عملی اقدامات بروئے کار لانے میں سنجیدہ نہیں۔مقررین نے کہا کہ ہم امن و امن کی صورت حال کو خراب کرنے اور امن و امان کی مکمل بحالی کے لئے ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہمیں مزید امتحان میں نہ ڈالیں بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری کریں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیئے اپنا کردار ادا کریں۔ مقررین نے کہا کہ گزشتہ دنوں خضدار میں بڑے پیمانے پر سمگلنگ کی جانے والی کھاد یوریا اور چینی برآمد کرکے یہ ثابت کیا گیا کہ خضدار ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ میں ملوث مافیاز کی آماجگاہ ہے ہم عرصہ دراز سے چیخ رہے تھے کہ یوریا کھاد چینی اور گندم کی مصنوعی قلت کا خاتمہ کیا جائے، ذخیرہ اندوزوں اور مافیاز کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن اس دھندے میں ملوث افراد کو کھلی چھوٹ دی گئی تھی۔ آج خضدار میں اتنے بڑے پیمانے پر سمگلنگ کے سامان کی برآمدگی حیران کن ہے انہوں نے کہا کہ ہم انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کیا جائے جائے تاکہ عوام الناس کو علم ہو کہ ان کے خون چوسنے والا کون کون ہیں مقررین نے کہا کہ صوبے میں بیشتر لوگوں کا ذریعہ معاش ذراعت پر منحصر ہے لیکن بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ سے زمیندار اور کسان دن بہ دن بد حالی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں زمیندار اور کاشتکار منڈیوں کے لاکھوں روپے کا مقروض ہوچکے ہیں کھاد کی قلت کی صورت حال سب کے سامنے ہے زمیندار بلیک مارکیٹنگ کا شکار ہوکر مہنگے داموں یوریا خرید کر کسمپرسی کی زندگی گزار نے پر مجبور ہیں مقررین نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر حکام بالا اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ خضدار میں بدامنی کی روک تھام چوری ڈاکہ زنی منشیات کی خریدو فروخت روکنے کے لیئے فوری عملی اقدامات کیئے جائیں اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کیسکو کے ناروا سلوک پر بھی ہمیں شدید تحفظات ہیں بجلی کی فراہمی کو یقینی بناکر بلا تاخیر زرعی و گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کی جائے اور اشیا ءضروریہ کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیئے مستقل حل تلاش کرکے سمگلروں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی مافیا اس مکروہ دھندے میں ملوث ہونے سے پہلے کئی بار سوچے۔ ریلی میں نیشنل پارٹی اور بی ایس او کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں