پاکستان کی سیاست میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں،شیخ رشید

لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نیب کے چھاپے کے دوران شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے ہوئے تھے لیکن جو مرضی کر لیں ہر صورت جیل جائیں گے، شہباز شریف مفاہمتی سیاست کرناچاہتے ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان کو مفاہمتی کردار میں کوئی دلچسپی نہیں، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو چھ نمبر کا ”ریگ مار“ لگا ہے اور چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے، کابینہ کے آئندہ یا اس سے اگلے اجلاس میں آٹے کے بحران کی فرانزک رپورٹ بھی پیش ہونی جارہی ہے، آن لائن بکنگ پر پانچ اور فریٹ کے کرایوں میں دس فیصد کمی کردی ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ عید الفطر کے بعد ٹارزن کی واپسی ہوگی، شہبازشریف صرف ٹی وی پر ٹارزن بنے ہوئے ہیں جبکہ در حقیقت یہ ڈرپوک اور بزدل ہیں، جب نیب نے چھاپہ مارا تو شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے ہوئے تھے، پاکستان کی سیاست میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں دیکھ رہا اور اپوزیشن کا سوائے میڈیا میڈیا کھیلنے کے کوئی کردار نہیں، صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ ایک تصویر پر بھی سیاست کی جارہی ہے، ملک میں بے جان اور کیسز میں ملوث اپوزیشن ہے، کسی اپوزیشن جماعت میں یہ جرات نہیں کہ وہ عمران خان کی حکومت کے مقابلے میں نکلے۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف وکٹ کی دونوں طرف کھیلنا چاہتے ہیں، انہوں نے نئی تھیوری پیش کی ہے کہ ہمیں بھارت کا مل کر مقابلہ کرنا ہے،شہباز شریف اس وقت مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان کوا س سے کوئی دلچسپی نہیں، شہباز شریف کو جیل جانا ہے۔ شہباز شریف سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے حالانکہ ان پر مسترد ہونے کا ٹھپہ لگ رہا ہے، جن کے پیچھے پولیس لگی ہوئی ہے وہ خاک لیڈر ہیں، یہ خاندان چینی کے کیس میں بھی نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کے بعد کابینہ کے آئندہ یا اس سے اگلے اجلاس میں آٹے کی فرانزک رپورٹ بھی پیش کی جائے گی، چینی چور جیلوں میں جائیں گے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہیں کہ جس نے بھی چوری کی ہے وہ قانون کے شکنجے میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قلت کا معاملہ ای سی سی کے اجلاس میں اٹھایا ہے، پیٹرول دوبارہ مہنگے ہونے جارہا ہے اس لئے سٹاکسٹ مافیا ذخیرہ کر کے قیمتیں بڑھنے کا انتظار کررہا ہے۔ا نہوں نے فواد چوہدری کی جانب سے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر تحفظات کے اظہار بارے سوال کے جواب میں کہا کہ میڈیکل رپورٹس میں چھ نمبر کا ”ریگ مار“ تو لگایا گیاہے، وہاں ان کی پلیٹیں بھی ٹھیک ہوگئی ہیں، لیکن میں اس کا حامی ہوں کہ نواز شریف چلا گیا ہے تو اس سے جان چھڑاؤ اور پانچ سال سہولت سے حکومت کرو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں