ماضی میں تعلیم کے نام پرعوام کو دھوکہ دیا گیا،سردار یار محمد رند
کوئٹہ:صوبائی وزیرِ ثانوی تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ پہلی ترجیح ہے صوبے میں معیاری تعلیم کے حصول میں رکاوٹوں کو دور کررہے ہیں۔ گزشتہ ادوار میں تعلیم کے فروغ اور معیاری تعلیم کے نام پر صوبے کے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ موجودہ حکومت صوبے میں نظام تعلیم میں اصلاحات سمیت صوبے میں تعلیمی ترقی کیلیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ محکمے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔ نظام کی درستگی کیلیے ضروری ہے کہ کرپٹ اور کام چور عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں صوبے میں تعلیمی صورتحال سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ سابقہ تعلیم دشمن پالیسیوں کا خمیازہ پورا بلوچستان بھگت رہا ہے۔ تعلیم کے حصول میں حائل تمام رکاوٹیں دور کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب کے نفاذ کیلیے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے۔ کوشش ہے کہ وراثت میں صاف شفاف نظام چھوڑ کر جائیں۔ اس سلسلے میں تمام وزراء اور حکومتی عہدیداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسی خیل نے صوبائی وزیر کو اپنے حلقے کے تعلیمی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ تعلیم کی بہتری انکی اولین ترجیح ہے۔ سردار بابر موسیٰ خیل نے صوبائی وزیر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی وزیر سردار یار محمد رند صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ اور حصول تعلیم کو مزید سہل بنانے کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں کام چور اور نااہل لوگوں کیلیے کوئی جگہ نہیں۔ غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔