اسلم بھوتانی سمیت 9 افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی منظوری

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر )سیشن جج حب نے ایم این اے اسلم بھوتانی سمیت نو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست منظور کر لی اور ایس ایچ بیروت کو پابند بنایا گیا کہ وہ مذکورہ نو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔ تفصیلات کے مطابق عدالت سے بحال شدہ عمران اکبر قمبرانی جو اس وقت ایکسین پی ایچ ای حب کے فرائض سر انجام دے رہا تھاان کا مد مقابل ایکسئین سے تنازعہ چل رہا تھا جسے بھوتانی برادران کی حمایت حاصل ہے ۔ اسی دوران عمران قمبرانی کو سیاسی اثرو رسوخ کی بنا اور ایڈوانس پیمنٹ کے نام پر معطل کروایا گیا۔ جبکہ اس کے خلاف ایف آر بھی درج کی گئی ۔ متاثرہ ایکسئین عمران اکبر کی ایف آر درج نہ ہونے پر اس نے سیشن جج حب کی عدالت میں 22۔A کی درخواست دائر کی جسے سیشن جج حب نے منظور کر لیا اور خلاف کار سرکار میں مداخلت کرنے پر ایم این اے اسلم بھوتانی سمیت نو افراد پر ایف آئی آر درج کرنے کے ضمن میں ایس ایچ بیروت کو پابند بنایا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز ایس ایچ او بیروت کو ٹرانسفر بھی کر دیا گیا اور نئے ایس ایچ او کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں