ترکی میں انتخابات کا شیڈول، صدارتی اور پارلیمانی انتخابات 14 مئی کو ہوں گے
انقرہ : ترکی میں 14 مئی کو ہونیوالے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے ووٹ کاسٹ شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ میں 14 مئی بروز اتوار کو صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں 6 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ترک سپریم الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں 36 سیاسی جماعتیں صدارتی انتخاب میں اور 28 سیاسی جماعتیں پارلیمانی الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کیلئے صدر رجب طیب اردوان، کمال کلچدار اوغلو، محرم انجے، اوسینان اوغان میدان میں ہیں۔ترک انتخابات کیلئے اتوار کو ووٹنگ کا آغار صبح 8 بجے ہوگا، ووٹرز سے شام 5 بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔ سپریم الیکشن کونسل کے مطابق الیکشن کے نتائج سے قبل کوئی تبصرہ اور پیشگوئی کرنے پر پابندی ہوگی۔ترک میڈیا کے مطابق الیکشن کے دن صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک الکحل والے مشروبات اور نشہ آور اشیا کی فروخت پر پابندی ہوگی، سڑکوں پر سیکیورٹی اور امن برقرار رکھنے کے ذمہ دار حکام کے علاوہ کسی کو فرد کو ہتھیار لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ترک الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ تمام عوامی تفریحی مقامات جیسے کافی شاپس، انٹرنیٹ کیفے اور ریسٹورانٹس بند رہیں گے، خلاف ورزی کرنیوالے افراد کو قانونی کارروائی سے گزرنا پڑے گا۔فیصلے کے مطابق 14 مئی 2023 کو 6 بجے سے رات 9 بجے کے درمیان نشریاتی ادارے انتخابات کے حوالے سے دی جانے والی خبریں اور پیغامات سپریم الیکشن کمیشن کے مطابق جاری کریں گے، جبکہ رات 9 بجے کے بعد نشریات آزادانہ طور پر جاری رہے گی۔صدارتی انتخاب دوسرے راﺅنڈ میں ہونے کی صورت میں ان تمام دفعات کا اطلاق 28 مئی 2023 کو بھی ہوگا۔ بیلٹ باکس میں ووٹ ڈالنے والے ووٹرز کی تعداد صوبوں اور اضلاع میں 360 سے 380 کے درمیان ہوگی۔ اگر دیہاتوں میں ووٹرز کی تعداد 400 سے زیادہ نہ ہو تو ایک ہی بیلٹ باکس میں ووٹ ڈالے جاسکتے ہیں۔


