ڈی آئی خان ،دیرینہ دشمنی ،فائرنگ سے خاتون قتل،خاوند معجزانہ بچ گیا
ڈیرہ اسماعیل خان(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں قتل مقاتلے کی دشمنی کا شاخسانہ ، باپ بیٹے نے کلاشنکوف سے موٹرسائیکل پر آنیوالے میاں بیوی کو روک کر ان پر فائرنگ کر دی ، فائرنگ سے خاوند معجزانہ طور پر بچ گیا جبکہ بیوی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی ، یارک پولیس نے قتل و اقدام قتل کی دفعہ کے تحت خاوند کی رپورٹ پر دو مخالفین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ یارک میں وانڈا کالی کے رہائشی 29سالہ ارشد شاہ قریشی ولد گل شاہ نے قتل و اقدام قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ میں اور میری بیوی 30سالہ مسماة (ن بی بی )موٹرسائیکل پر درہ پیزو سے گھر وانڈا کالی کیلئے روانہ تھے کہ ڈیرہ بنوں روڈ مسلم پیٹرول پمپ کے قریب پہنچے تو ہمارے مخالفین نعمت اللہ ولد عبداللہ جان اور احسان اللہ ولد نعمت اللہ باہو خیل سکنائے چنڈہ کھڑے تھے جنہوں نے ہمیں زبردستی روکا احسان اللہ نے اپنی کلاشنکوف سے ہم پر فائرنگ کردی ، فائرنگ سے میں بچ گیا جبکہ میری بیوی لگ کر شدید زخمی ہوئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی جس کو سول ہسپتال ڈیرہ پہنچا دیا گیا ، ہماری فریق مخالف سے قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے ۔


