لاپتہ افراد اور بلوچ طلبہ کے مسائل ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈرز بیٹھ کر حل کریں، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے طلباءکی شکایات کے حوالے سے قائم کردہ کمیشن نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قومی سیاسی قیادت بلوچستان کے عوام کو امن، دوستی اور خوشحالی کا پیغام دے رہی ہے۔ بلوچستان کے تمام مسائل خصوصاً مسنگ پرسنز کا مسئلہ ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈرز اکٹھے بیٹھ کر حل کریں، بلوچ طلباءکی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے رپورٹ انتہائی جامع ہے۔کمیشن کی تیار کردہ رپورٹ پر وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔ شراکت داری اور پارٹنرشپ کی حکمت عملی اپنا کر قومی اتحاد اور ترقی یقینی بنائی جائے۔بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی جڑی ہے۔خواتین اور معاشرے کے محروم طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ وفاقی اور صوبائی ادارے رپورٹ میں دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں، وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے طلباءکی شکایات کے حوالے سے قائم کردہ کمیشن نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔کمیشن نے وزیراعظم کو بلوچستان سے تعلق رکھنے طلباءکی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے کمیشن کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کمیشن کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ طلباءکی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے رپورٹ انتہائی جامع ہے اور انتہائی ایمانداری اور سنجیدگی سے مرتب کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی ادارے رپورٹ میں دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ طلباءکے مسائل اور شکایات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ طلباءپاکستان کا اثاثہ ہیں اور انکی بہبود اور خوشحالی میں ہی پاکستان کی ترقی پنہاں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی سیاسی قیادت بلوچستان کی عوام کو امن، دوستی اور خوشحالی کا پیغام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام مسائل خصوصاً مسنگ پرسنز کا مسئلہ ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈرز اکٹھے بیٹھ کر حل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسنگ پرسنز کے حوالے سے آئین اور قانون کے دائرہ کے اندر رہتے ہوئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شراکت داری اور پارٹنرشپ کی حکمت عملی اپنا کر قومی اتحاد اور ترقی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی جڑی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خواتین اور معاشرے کے محروم طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ملاقات میں کمیشن کے کنوینر سردار اختر مینگل (رکن قومی اسمبلی) اور اراکین سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر کامران مرتضیٰ، افراسیاب خٹک، ناصر محمود کھوسہ، میجر (ریٹائرڈ) حسنین ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ نے شرکت کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نزیر تارڑ، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ بلوچستان کے طلباءشکایات کے حوالے سے اس کمیشن کا قیام اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ستمبر 2022ءمیں عمل میں آیا تھا۔