پاک ایران تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، پابندیوں کے باوجود ہم نے منصوبوں کو پورا کیا، ایرانی صدر

تفتان (انتخاب نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کیساتھ معاشی سطح پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، منصوبوں سے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی مزید مضبوط ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان گبد پولان بجلی ترسیلی منصوبے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو، بلاول بھٹو، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، اختر مینگل، خالد مگسی ودیگر بھی شریک تھے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، آج دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے قدم اٹھایا ہے۔ ابراہیم رئیسی نے ایرانی سرحد پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ سرحد ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن منصوبوں کا آج افتتاح کیاگیا ان کی بنیاد بہت پہلے رکھی گئی تھی مگر تاخیر کا شکار ہوئے، ایران پر پابندیوں کے باوجود ہم نے ان منصوبوں کوپورا کیا،پاکستان اور ایران کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایرانی صدر نے بتایا کہ بہت سے ممالک کیلئے حیران کن ہے کہ ایران نے پابندی کے باوجود منصوبوں کو مکمل کیا، توانائی کے شعبے میں پاکستان کیساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کیساتھ توانائی کے شعبے میں کام کرنے میں گنجائش موجود ہے۔ ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ 9 ماہ کے اندر پاکستان اور ایرانی حکام نے ملکر کام کیا اور تحفظات کو دور کیا، پاکستان کیساتھ معاشی سطح پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بارڈر مارکیٹ سے تجارت اور رابطے بڑھیں گے، ان منصوبوں سے دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی مزید مضبوط ہوگی، ہم ان منصوبوں کو تجارت کے مواقع کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے کے مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، مغربی ممالک کی دخل اندازی سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اورایران کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں