موت سے ڈر نہیں لگتا، پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے ہر قربانی دیں گے، سراج الحق

ژوب (انتخاب نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ژوب میں خودکش حملے کے باوجود جلسہ عام سے خطاب کیا۔ ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکا ہوا، انہیں قافلے کی صورت میں لے جایا جارہا تھا کہ خودکش حملہ آور نے اس دوران دھماکہ کیا۔ خودکش حملے کے باوجود سراج الحق نے جلسے میں شرکت کی اور خطاب میں کہا کہ مجھے موت سے ڈر نہیں، موت اور زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے، اللہ جس کو محفوظ رکھتا ہے اسے کوئی نہیں مار سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسا پاکستان چاہتی ہے جس میں ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، میں وہ پاکستان چاہتا ہوں جس میں امن ہو، خوشی ہو، آج ملک میں کرپشن، مہنگائی، بیروزگاری اور بے امنی عام ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کی وجہ سے ملک سیاسی، معاشی اور آئینی بحران کا شکار ہے، مفاد پرست ٹولے نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے، عوام صحیح نمائندوں کا انتخاب کریں تو ملک ترقی یافتہ اورخوشحال بن سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں