بلوچستان اور کوئٹہ کو میدان جنگ بنا دیا گیا، قومی حقوق کے حصول کیلئے متحدہ جدوجہد کریں گے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے اپنے بیان میں ڈاکٹر عبد المالک بلوچ اور جان محمد بلیدی کی سربراہی میں ڈاکڑ رمضان ہزارہ اور دوستوں کی کاوشوں سے نیشنل پارٹی کے نظریاتی اور فکری کا روان میں ہزارہ قوم کے دوستوں کی شمولیت کا دل کی گہرایوں سے خوش آمدید کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ با بائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے افکار اور نظریات کی آبیاری کرینگے اور ہزارہ قوم کو نیشنل پارٹی کا اٹوٹ انگ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ آج بلوچستان کے گمبھیر معاشی اور سیاسی مسائل کے حل اور اپنی قدرتی دولت پر دسترس اور واک و اختیار کے لیے اہل بلوچستان کو نیشنل پارٹی کو مضبوط کرنا ہوگا۔ ڈاکڑ اسحاق بلوچ نے کہا کہ گزشتہ ستر سال میں مصنوعی پارٹیوں کے ذریعے فرقہ واریت، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رحجانات کو منصوبہ بندی کے تحت بد صورت انداز میں فروغ دیا گیا۔ بلوچستان اور بالخصوص کوئٹہ جو امن و آشتی اور مذہبی ہم آہنگی کا گہوارہ تھا، اسکو میدان جنگ بنا دیا گیا، انتہائی حوصلہ افزا اور خوشی کا امر ہے کہ ہزارہ قوم کے نوجوان اور باشعور طبقہ نیشنل پارٹی میں شامل ہوکر وسیع سیاسی دھارے میں شامل ہوگئے۔ بقول شاعرموج کی قوت دریا میں ہے اور بیرون دریا کچھ بھی نہیں، اب ہزارہ قوم اس وسیع پلیٹ فارم کا حصہ بنتی جارہی ہے اور وسیع دھارے میں شامل ہو کر متحدہ طور پر منفی، غیر سیاسی رحجانات کے خلاف متحد ہوکر موثر جہدوجہد کریں گے۔ نیشنل پارٹی تمام وطن دوست اہل بلوچستان سے اپیل کرتی ہے کہ وہ نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر قومی حقوق کے حصول کے خاطر نیپ کی طرز پر حقیقی وفاقیت کے قیام جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بالادستی کیلئے جہدوجہد کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں