ڈھاڈر میں چوروں اور ڈاکوﺅں کی پشت پناہی کرنیوالے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، پولیس آفیسر

ڈھاڈر : بااثر شخصیات کی جانب سے ڈھاڈر اور بولان میں چوروں کی پشت پناہی کی جارہی ہے، چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن کرنے پر جان سے مارنے اور ٹرانسفر کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، نیاز اللہ بزدار سی آئی اے انچارج ڈھاڈر نے ڈھاڈر پریس کلب کے صحافیوں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بااثر شخصیات کی جانب سے مجھے کھلی دھمکیاں دی جارہی ہیں، ڈھاڈر پولیس اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہے، عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کچھی میں بااثر شخصیات کی جانب سے چوروں اور ڈاکوﺅں کی پشت پناہی سمجھ سے بالاتر ہے، بد قسمتی سے ضلع کچھی بالخصوص ڈھاڈر میں بااثر شخصیات کی سرپرستی میں چور اور ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں، پولیس انتظامیہ کی جانب سے رہزنوں کیخلاف کارروائی سے کچھ لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھاڈر پولیس کو دھمکیوں سے اپنے فرائض کی ادائیگی سے نہیں روکا جاسکتا، ڈھاڈر پولیس نے علاقے میں امن و امان کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور مزید بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں کہا کہ مختصر عرصے میں ڈھاڈر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کےخلاف موثر کارروائی کی جوکہ انکے سرپرستوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوﺅں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھتے ہوئے ان کے سرپرستوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کرینگے، ملزم کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہو ان کیخلاف قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں