جاپان میں وزیراعظم کے بیٹے کو بھی غلطی پر معافی نہیں
ٹوکیو( آن لائن) جاپان میں وزیراعظم کے بیٹے کو بھی غلطی پر معافی نہیں ، وزیر اعظم فومیو کشیدا نے سرکاری رہائش گاہ پر پارٹی کرنے پر اپنے بیٹے کو معاون کے عہدے سے برطرف کر دیا،شوتارو یکم جون کو عہدے سے استعفیٰ دیدیں گے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے سرکاری رہائش گاہ پر پارٹی کرنے پر اپنے بیٹے کو معاون کے عہدے سے برطرف کر دیا شوتارو یکم جون کو عہدے سے استعفیٰ دیدیں گے۔وزیر اعظم فومیو کشیدا نے بتایا کہ شوتارو کشیدا نے سرکاری رہائش گاہ پر دوستوں اور رشتہ داروں کو مدعو کرکے ایک پارٹی کی تھی جس پر کئی حلقوں کی جانب سے اعتراض بھی کیا گیا تھا۔وزیراعظم فومیو کشیدا کے بقول اس بات پر انھوں نے اپنے 32 سالہ بیٹے کی سرزنش بھی کی تھی۔خیال رہے کہ شوتارو کشیدا کی سرکاری رہائش پر پارٹی کرنے کی تصاویر ایک میگزین نے لیک کی تھیں جس پر حزب اختلاف نے ہنگامہ کھڑا کردیا تھا اور وزیراعظم سے بیٹے کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


