امید ہے عشق عمرانی میں جلنے والے پروانوں اور دیوانوں کی اب تسلی ہوگئی ہوگی، مریم اورنگزیب
اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ "مجھے جیل میں ڈالیں گے تو ردعمل تو ہونا تھا،” پہلا جملہ ۔”یہ سب ورکروں اور پارٹی رہنمائوں نے کیا ہے،” دوسرا جملہ ۔یہ انٹرویو نہیں، دوغلے اور جھوٹے کردار کی شخصیت کا آئینہ اور اصل چہرہ ہے، یہ ان سب کے لئے سبق ہے جو گمراہ کی گمراہی اور فریب کا شکار ہوئے۔ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے جمعرات کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر غلط کام خود کیا، ہر بار پکڑے جانے پر الزام دوسروں کو دیا۔”ون پیج” سے "میں تو بے اختیار تھا”،”امریکہ نے میری حکومت گرائی” سے "محسن نقوی نے میری حکومت گرائی” تک کے جھوٹ گھڑنے والے نے اب 9 مئی کا ملبہ بھی آخر کار اپنے کارکنوں اور پارٹی رہنمائوں پر ڈال دیا ہے جنہوں نے فسادی کے بھڑکانے پر پاکستان کو جلایا، قومی وقار اور شہدا کی بے حرمتی کی۔ یہی کام اس نے فارن فنڈنگ کا ملبہ پارٹی رہنمائوں پر ڈال کر کیا ایک کروڑ نوکری پچاس لاکھ گھر، سائفر، تاریخی کرپشن کا ملبہ دوسروں پر ڈالا۔ یہ وہ شخص ہے جس نے آئین، قانون، صداقت اور امانت کی ہر لکیر پارکی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک سال سے اپنے کارکنوں اور پارٹی رہنمائوں کے دل اور ذہن نفرت کے زہر سے بھر کر سانحہ 9 مئی کرایا ، اب جھوٹ بول رہا ہے کہ میں ذمہ دار نہیں۔ امید ہے کہ عشق عمرانی میں جلنے والے پروانوں اور دیوانوں کی اب تسلی ہوگئی ہوگی۔ یہ ہے وہ محسن کشی جس پر سب لوگ چھوڑ چھوڑ کر جارہے ہیں۔


