اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا کیس،عدم حاضری پر شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سرکاری اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں مسلسل عدم حاضری پرپاکستان تحریک انصا ف( پی ٹی آئی)کے رہنما ڈاکٹرمحمد شہبازشبیرگل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی کردیئے۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کے پاس دوآپشن ہیں یا توعدالت کے روبروپیش ہوجائیں تووارنٹ منسوخ ہوجائیں گے یا اگر ملزم کی جانب سے سیشن عدالت کا فیصلہ چیلنج کیا جاتا ہے توبھی ملزم کو ریلیف مل سکتا ہے ۔جج کی جانب سے وکیل سے استفسار کیا گیا کہ شہبازگل کب واپس آرہے ہیں۔اس پرشہبازگل کے وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ شہبازگل ابھی بیرون ملک ہیں اورابھی ان کی اہلیہ کی سرجری ہونی ہے ابھی ان کی واپسی کی تاریخ کنفرم نہیں ۔عدالت نے مسلسل عدم حاضری پرشہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کردیئے ۔


