طالبات نے غلط فہمی کی بنیاد پر احتجاج کی راہ اختیار کی، کوئی تشدد نہیں کیا گیا، ایس بی کے یونیورسٹی انتظامیہ
کوئٹہ (آن لائن) ایس بی کے ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ نے سوموار کو ہونیوالے طالبات کے احتجاج کے ضمن میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کرنیوالی طالبات شعبہ فارمیسی سے تھیں جنہوں نے غلط فہمی کی بنیاد پر احتجاج کی راہ اختیار کی، درحقیقت طالبات کو منفی پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کی طرف سے حقائق کے برعکس یہ باور کرایا گیا کہ آپ کے شعبہ فارمیسی کا الحاق فارمیسی کونسل نے ختم کرتے ہوئے رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے، جس پر طالبات کا اضطرابی کیفیت سے دوچار ہو کر ردعمل دینا ایک فطری عمل تھا، مزید برآں طالبات پر لاٹھی چارج کے حوالے سے زیرگردش خبر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نامور تعلیمی ادارہ طالبات کے ساتھ اس قسم کے غیر مہذبانہ رویے کا ارتکاب تو درکنار ایسا کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا نیز طالبات کے تحفظات دور کرنے کے لئے کمیٹی کی تشکیل دی جا چکی ہے جس میں طالبات کو۔بھی نمائندگی فراہم کی گئی ہے، احتجاج کے پیچھے منفی سوچ کے حامل عناصر کی کھوج لگانے کے لیے ادارہ باقاعدہ تحقیقات کے بعد سختی سے نمٹے گا۔


