جناح ہاؤس پرحملے کی منصوبہ بندی پہلے سے زمان پارک میں کی گئی تھی، گرفتار ایک اور ملزم کا اعترافی بیان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)9مئی کو جناح ہاؤس حملے میںگرفتار ہونے والے ایک اور ملزم کا اعترافی بیا ن سامنے آ گیا ۔ ملزم کی شناخت حاشر خان درانی کے نام سے ہوئی ، ملزم کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور وہ پی ٹی آئی یوتھ ونگ لاہور کا انفارمیشن سیکرٹری ہے، ملزم نے 9 مئی واقعہ سے متعلق حیران کن انکشافات اور اعترافات کئے ۔ملزم حاشر درانی نے بتایاکہ وہ 9 مئی کو جناح ہائوس حملے کے وقت وہاں موجود تھا اور دوران حملہ چیخ چیخ کر انقلاب کے نعرے لگاتا رہا اور وہاں موجود لوگوں کے افواج پاکستان کے خلاف جذبات ابھارتا رہا۔انصاف یوتھ ونگ لاہور کے انفارمیشن سیکرٹری ملزم حاشر خان درانی نے کہا کہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ کی گرفتاری کے بعد جو کور کمانڈر ہائوس پر حملہ ہوا اسکی منصوبہ بندی پہلے سے زمان پارک میں کی گئی تھی، پی ٹی آئی کی قیادت نے یہ منصوبہ بنایا جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں محمود الرشید اور شیخ امتیاز شامل تھے۔ملزم شرپسند نے بتایا کہ پہلے سے پلاننگ کی ہوئی تھی جسکے تحت ہم نے جناح ہائوس پر حملہ کیا، یہ حملہ اس بیانیہ کی عکاسی تھا جو چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے خلاف ہمارے ذہنوں میں بھرا تھا وہ اثر انداز ہوا، میں بھی حملہ کے وقت وہاں موجود تھا ، میں نے بھی ویڈیو بنائی، لوگوں کو اکسایا کہ لوگو انقلاب آگیا، جھنڈا لہرا کر کہا کہ اب یہ کور کمانڈر ہائوس نہیں۔ملزم نے اعتراف کیا کہ اس سب عمل کے دوران فوج کا رویہ بہت مثبت تھا، ہماری فوج نے کسی عام شہری کو تنکے کا بھی نقصان نہیں پہنچایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں