سمندری طوفان مکران ساحل کی طرف آ سکتا ہے،سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی)کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق سمندری طوفان بائپرجوائے رخ تبدیل ہونے بعد شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے جو پاکستان کے مکران ساحل کی طرف آ سکتا ہے۔ طوفانی نظام میں مسلسل تبدیلی کے باعث اس میں مزید شدت بھی آ سکتی ہے۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعہ کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 12 جون بروز پیر سے کھلے سمندر میں اس وقت تک نہ نکلیں جب تک کہ یہ نظام بحیرہ عرب کے اوپر سے گزر نہ جائے۔ اونچی لہروں کی وجہ سے ساحلی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔سندھ اور مکران کے ساحلی علاقے میں 13 جون کی رات سے 14 جون کی صبح تک بارش، گرج چمک اور تیز ہوائوں کا امکان ہے۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ حکام بالخصوص پی ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تیاریوں کا جائزہ لیں اور ساحلی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کے لیے عوامی تحفظ کو یقینی بنائیں اور لوگوں میں اس طوفان کے حوالے سے بیداری پیدا کریں۔ہم چوکس ہیں اور مسلسل طوفان کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ہم 6 بین الاقوامی ذرائع سے بھی معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں