وزیراعلیٰ بلوچستان کا خالی اسامیوں پر ایک ہفتے کے اندر بھرتی کا فیصلہ خوش آئند ہے، ضیا لانگو
کوئٹہ : وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خالی اسامیاں کو متعلقہ سیکرٹریز کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر پر کرنے کے احکامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا بہت خوش آئند اقدام ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کے عوام کی بھرپور انداز میں ترجمانی کی ہے جبکہ بلوچستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے، بلوچستان کے عوام کو روزگار دینا ہوگا تاکہ وہ ملک قوم کی خدمت کرسکیں جب تک وہ بے روزگار رہیں گے تو وہ ملک قوم کی کیا خدمت کریں گے۔ وزیر داخلہ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا عزم ہے اور حکومت نے بھی یہی فیصلہ کیا ہے کہ روزگار کی تاخیر پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اس ضمن میں روزگار کے مسئلے میں کوئی رکاوٹ بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو مزید روزگار فراہم کیا جائے گا، موجود حکومت کی مدمت ختم ہونے سے پہلے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے احکامات کی تعمیل کی جائے گی۔ دریں اثناءوزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے اس احسن اقدام کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کا ایرانی پیٹرول کے فروخت پر پابندی ہٹانا بہت بہترین اقدام ہے کیونکہ سیکڑوں گھرانوں کے نوجوانوں کا روزگار بھی ایرانی پیٹرول کے فروخت سے منسلک ہے بلوچستان کے معروضی اور بے روزگار نوجوانوں کے حالات دیکھتے ہوئے یہ اس وقت کی ضرورت ہے کہ نوجوان کیلئے اس کاروبار کو کھولا جائے وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے تمام انتظامیہ کو ہدایات کی ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایرانی پیٹرول کے کاروبار کرنے والوں کیلئے کھولا جائے۔


