ناقص انتظامی امور کے باعث پیسکو مالی مشکلات کاشکار،ایک سال کے دوران102ارب روپے کا نقصان

اسلام آباد(صباح نیوز)ناقص انتظامی امور کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)مالی مشکلات کاشکار ہو گئی۔ افرادی قوت کی کمی کے ساتھ، ساتھ کمپنی کو بجلی ترسیل اوربل وصولیوں میں بھی ناکامی کا سامناہے۔ ایک سال کے دوران پیسکو کو 102ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کو حاصل دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال کے نقصانات کے مقابلہ میں اس سال 80ارب روپے کا اضافہ ہواہے۔ پیسکو کو بلوں کی وصولی میں بھی مشکلات کاسامنا ہے اور 213ارب روپے کے واجب الادا بل ریکور نہیں ہو پارہے۔ نادہندگان کی جانب سے 171ارب روپے پیسکو کوادانہیںکئے جارہے۔ حکومت نے سبسڈی کی مد میں 42ارب روپے پیسکو کوادا کرنا ہیں جو ابھی تک ادانہیں کئے گئے۔ پیسکو کو52فیصد ہیومن ریسورس کی کمی کاسامنا ہے۔ لائن مینوں کی اتنی کمی ہے کہ آنے والے سالوں میں ٹرینرز بھی پیسکو کے پاس دستیاب نہیں ہوں گے۔ پیسکو کو روزانہ کی بنیاد پر 200میگاواٹ بجلی کا کوٹہ الاٹ ہوتا ہے اورپیسکو یہ بجلی استعمال نہیں کرپاتی اور یہ بجلی واپس نیشنل گرڈ کو واپس چلی جاتی ہے۔گزشتہ سال کے مقابلہ میں پیسکو نے بجلی مہنگی بھی خریدی ہے جس کی وجہ سے نقصانات ہوئے جبکہ 17ارب روپے کی سبسڈی میں کمی کردی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں