کسٹم کا کریک ڈاﺅن، نوشکی میں فلور مل سے 10 ہزار چینی ، 12 سو بوری یوریا کھاد برآمد

نوشکی (آئی این پی) کسٹم انٹیلی جنس کی چینی اسمگلنگ کیخلاف سرحدی علاقوں میں کریک ڈاﺅن، نوشکی میں ایک فلور مل سے 10 ہزار بوری چینی اور 12سو بوری یوریا کھاد برآمد کرلی گئی۔ ترجمان پاکستان کسٹمز بلوچستان ڈاکٹر عطا بڑیچ کے مطابق گزشتہ روز کسٹم انٹیلی جنس نے نو شکی میں ایک فلور مل پر چھا پے میں 10ہزار بو ری چینی اور 12 سو بوری یوریا کھا دبرآمد کرلی جس کی قیمت 6 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ترجمان کے مطابق چھاپے میں کسٹمز کو لوکل انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کا تعاون بھی حاصل رہا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں چینی کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد چدھڑ کو واضح ہدایات دی جس پر ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کوئٹہ چودھری محمد جاوید نے صوبے کے محل وقوع کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ٹیم جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس فہد بشیر، اسسٹنٹ ڈایریکٹر اور انسپکٹر حمید حبیب و دیگر اسٹاف شامل ہیں کو چینی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاﺅن کے لئے متحرک کیا۔ جنہوں نے گزشتہ روز نوشکی کے مقام پر واقعہ ایک فلور مل پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے چھاپہ مار کر ریکارڈ تعداد میں چینی اور یوریا برآمد کیا۔ گودام کو سیل کر کے لوکل انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کے حوالے کیا گیا تاکہ اسی دوران کسٹمز انٹیلی جنس حکام متبادل انتظامات کر کے بر آمد ہو نے والی چینی اور یو ریا کھاد کو اپنے تحویل میں لے سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں