معافی کے شوقین اپنے ماضی کے گناہوں پر نظر ڈالیں، ارکان اسمبلی کیخلاف بیان بازی ترجمان کی قد سے اوپر کی بات ہے، اپوزیشن

کوئٹہ:اپوزیشن جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی نے کہاہے کہ اپوزیشن سے معافی منگوانے کے شوقین پہلے اپنے ماضی کے گناہوں پرنظر ڈالیں،بلوچستان حکومت ترجمان کی بیساکیوں پر ٹکی ہوئی ہے ہمیں بلوچستان کے عوام نے منتخب کیاہے عوامی مینڈیٹ کے حامل ارکان اسمبلی کے خلاف بیان بازی ترجمان حکومت بلوچستان کے قد سے اوپر کی بات ہے،اپوزیشن جماعتوں نے صوبے کے حقوق کا تحفظ کاعالم بلند کررکھاہے،غیر منتخب لوگ اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے۔ان خیالات کااظہار اپوزیشن جماعتوں بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیرا حمدشاہوانی،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نصراللہ خان زیرے اور جمعیت علماء اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی اصغرخان ترین نے ترجمان حکومت بلوچستان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیراحمد شاہوانی نے کہاکہ یہاں لوگ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفا دار بننے کی کوشش کرتے ہیں ہم واضح کرتے ہیں کہ انہیں جتنی تنخواہ مل رہی ہے اتنا ہی کام کرے،عوام کے ووٹوں سے منتخب ارکان اسمبلی کے خلاف بیان بازی ترجمان حکومت بلوچستان کے قد سے او پر کی بات ہے اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ صوبے کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے ہم کسی کو صوبے کی عوام کے حقوق پر سودے بازی کی اجازت نہیں دینگے،بلوچستان حکومت میں پسند وناپسند کی بنیاد پر جو کچھ ہورہاہے ہم اس طرح کے غیر آئینی اقدامات کی ہرگز اجازت نہیں دینگے،بلوچستان نیشنل پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ انہوں نے صوبے کے حقوق،عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ دو ٹوک موقف اپنایاہے،اپوزیشن نے اپنے حلقوں میں غیر منتخب لوگوں کو نوازنے،حکومت کی عوام دشمنی،کورونا کی آڑ میں کرپشن،ٹڈی دل سے زمینداروں کے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے احتجاج کیا تھا دوسری جانب حکومتی ترجمان اپنے بیانات کے ذریعے حکام کی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں ہم حکومتی ناکامی کو عوام کے سامنے لائیں گے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نصراللہ زیرے نے کہاکہ عوام دشمن حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے ترجمان کے ذریعے اپوزیشن ارکان اسمبلی کے خلاف بیانات کاسہارا لے رہی ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی ہمیں بلوچستان کے عوام نے منتخب کیاہے ہم نے الیکشن سے قبل عوام سے وعدے کئے تھے مگر صوبائی حکومت کی جانب سے غیر منتخب لوگوں کو فنڈز سے نوازا جارہاہے اس طرح کے غیر آئینی وغیر قانونی اقدامات سے عوام کو فائدہ حاصل نہیں ہوگا پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ سے بلوچستان کے عوام اور یہاں کے وسائل پر بہترین موقف اپنایاہے جس کی عوام خود گواہ ہے آج حکومت میں بیٹھے نااہل حکمرانی اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے صوبے کی حقیقی سیاسی جماعتوں پر الزام تراشی پراتر آئی ہے۔جمعیت علماء اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی اصغرخان ترین نے کہاکہ ترجمان حکومت بلوچستان صرف اور صرف اپنی نوکری بچانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں پر الزامات لگارہے ہیں،اپوزیشن جماعتیں صوبے کے عوام کی حقیقی ترجمان ہے ہم نے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے کیا حکومت بلوچستان کے ترجمان یہ ثابت کرسکتے ہیں کہ پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبے عوام کے حق میں ہے یا ان کا فائدہ ہارے ہوئے لوگوں کو پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے،ہم اپنے حلقوں میں کسی کو بھی مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے،عوام نے ہمیں اپنا ووٹ دیکر ہم پر اعتماد کااظہار کیاہے ہم نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرنی ہے مگر حکومت ہارے ہوئے لوگوں کو ہم پرمسلط کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور اس طرح کے کسی بھی اقدام کی مذمت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں